بنگلورو۔28جون (ایس او نیوز) ریاست کی حکمران کانگریس میں برگشتگی کا طوفان جہاں تھمتا نظر آرہاہے ،وہیں کلیدی اپوزیشن پارٹی بی جے پی میں برگشتگی کا ایک نیا طوفان اٹھ چکا ہے۔پارٹی کے وفاداروں کو نظر اندا ز کرتے ہوئے من مانے طریقے سے ضلعی صدور کی فہرست تیار کرنے سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کے اقدام کی کھل کر مخالفت کی جارہی ہے۔آج پارٹی کے اکثر عہدیداروں نے بی جے پی دفتر میں ہی ایک میٹنگ کا اہتمام کیااور ضلعی صدور کے تقرر کے متعلق یڈیورپا کے یک طرفہ فیصلوں کی مخالفت کرتے ہوئے ضلعی صدور کی نئی فہرست تیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج پارٹی دفتر میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی عہدیداروں اور لیڈران نے ضلعی صدور کے تقرر میں یڈیورپا کی طرف سے کی گئی مبینہ من مانی پر اپنی کھلی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ عہدیداروں کی فہرست میں ایسے افراد کی کثرت ہے، جو یڈیورپاکے ساتھ بی جے پی چھوڑ کر کے جے پی میں چلے گئے تھے۔ ان عہدیداروں کی قیادت میں پارٹی کارکن کام کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ برسوں سے پارٹی کیلئے کام کرنے والے وفادار کارکنوں کو نظر انداز کرتے ہوئے یڈیورپانے ضلعی صدور کی جو فہرست تیار کی ہے، اس سے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو زبردست نقصان پہنچے گا اور یڈیورپا کے تجویز کردہ صدور کی نگرانی میں اگلے انتخابات جیتنے کیلئے پارٹی نے جو منصوبہ تیار کیا ہے اسے عملی جامہ پہنانا مشکل ہی نہیں ناممکن ہوجائے گا۔ پارٹی کے سبھی قائدین نے یڈیورپا کے یک طرفہ فیصلوں کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے مانگ کی کہ فوری طور پر بی جے پی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیاجائے۔ جس میں ان تمام امور پر تفصیلی بحث ہونی چاہئے۔ بی جے پی کے سرکردہ قائدین ، کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا، ریاستی نائب صدر سی ٹی روی اور نرمل سرانا نے آج پارٹی دفتر میں برگشتہ رہنما¶ں کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا، جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فوری طور پر یڈیورپا اپنے عہدیداروں کی فہرست واپس لیں اور تمام کو اعتماد میں لے کر پارٹی کے ضلعی صدور اور دیگر عہدیداروں کا تقرر کیاجائے۔ کئی برسوں سے پارٹی کیلئے خدمت میں مصروف دیانتدار کارکنوں کو یڈیورپا نے سرے سے ہی نظر انداز کررکھا ہے، اس طرح کے رویہ سے گریز کرتے ہوئے پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کیلئے کوشش کی جانی چاہئے۔ برسر اقتدار کانگریس کے خلاف اگر بی جے پی کو کامیابی سے تحریک چلانی ہوگی تو یک طرفہ فیصلوںسے اجتناب کرنا ہوگا۔ ضلعی عہدیداروں نے پارٹی قیادت پر یہ زور دیا ہے کہ یڈیورپا نے ضلعی صدور کی جو فہرست جاری کی ہے اسے مکمل طور پر بدل دیاجائے، تاہم یڈیورپا کی طرف سے مکمل طور پر نہ بدلنے کا اشارہ دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو ان سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ آج کی میٹنگ میں سابق وزراءایس اے رویندرا ناتھ ، ریوونائک بیلمگی، سوگوڈو شیونا، اراکین کونسل سرینواس پجار، بھانو پرکاش وغیرہ نے شرکت کی۔